کراچی : یوم فضائیہ کے موقع پر پاکستان ایئر فورس کے دستے نے شہید پائلٹ راشد منہاس کوخراج عقیدت پیش کیا اور تقریب میں بھائی نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق یوم فضائیہ کےموقع پرائیرفورس کےکم عمرترین پائیلٹ آفیسرراشدمنہاس شہید کی قبر پر پروقار تقریب ہوئی، تقریب میں شہید راشد منہاس کے بھائی انجم منہاس بھی شریک ہوئے۔
پاک فضائیہ کے چاق وچوبند دستے نےسلامی پیش کی، ایئر وائس مارشل ستارہ امتیاز عامر شہزاد نے شہید پائل راشدمنہاس کی قبر پر پھول رکھے اورفاتحہ خوانی کی،
خیال رہے یوم فضائیہ آج جوش وجذبے سےمنایا جا رہا ہے،جنگ ستمبر میں پاک فضائیہ کےشاہینوں نے دشمن کاغرورخاک میں ملادیاتھا۔
پاک فضائیہ کےشاہینوں نے پاک بھارت جنگ میں چھ اورسات ستمبر کوبھارتی فضائیہ کےپچاس سے زائد طیارےگراکرجنگ کاپانسہ پلٹ دیا تھا،ایم ایم عالم جیسے جری پائلٹ نے صرف ایک منٹ میں پانچ بھارتی طیارے گرانے کاحیران کن کارنامہ انجام دیا۔
دوسری جانب وزیرداخلہ محسن نقوی نے پاک فضائیہ کےشہداکی بہادری اور جذبے کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کے حملے ناکام بنانے میں پاک فضائیہ کاکردارتاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
یاد رہے کہ انیس سو اکہتر میں راشد منہاس شہید نے اپنی جان اس وقت وطن پر قربان کی جب وہ اپنی پہلی سولو فلائٹ پر روانہ ہو رہے تھے کہ اچانک انکے انسٹرکٹر مطیع الرحمان طیارے کو رن وے پر روک کر سوار ہوگئے اور جہاز کا رخ دشمن ملک بھارت کی جانب موڑ دیا۔
بیس سالہ راشد منہاس نے دشمن کی اس سازش کو ناکام بناتے ہوئے جہاز کا رخ زمین کی جانب موڑ دیا اور اس دشمن کے عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔