راولپنڈی: خیبر ایجنسی میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فضائی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے تباہ کردیے‘ متعدد دہشت گردوں کے مارے جانے کی اطلاعات بھی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ نشرواشاعت آئی ایس پی آر نے بدھ کی صبح اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کی راجگال میں کی جانے والی کارروائی میں متعدد دہشت گرد ہلاک کردیے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فضائیہ نے رات گئےپاک افغان بارڈرپر کارروائی کی ہے جس میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنا گیا ہے‘ کارروائی مضبوط اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی ہے۔
دہشت گردی کے واقعات میں افغان سرزمین استعمال ہوئی
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ملک میں شروع ہونے والی دہشت گردی کی حالیہ لہرکے بعد پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کردیا ہے جس کے نتیجے میں اب تک 150 سے زائد دہشت گرد ملک بھر میں مارے جاچکے ہیں۔
دوسری جانب آج صبح کراچی کے علاقے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے ملیر سٹی کے علاقے میں ایک منظم کارروائی کرتے ہوئے آٹھ دہشت گرد مارگرائے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سانحہ سیہون کے بعد پاک فوج نے پاک افغان سرحد پر مہمند ایجنسی اورخیبر ایجنسی میں قائم جماعت الاحرار کے ٹھکانوں پر بھی بمباری کی۔ کارروائی میں جماعت الاحرار کے ڈپٹی کمانڈر عادل باچا کا کیمپ اور تربیتی مرکز سمیت 6 سے زائد ٹھکانوں کو تباہ کردیا گیا۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کی تیرہ تاریخ کو لاہور کے مال روڈ پر خود کش حملے سے دہشت گردی کی یہ تازہ لہر شروع ہوئی تھی جس میں 13 افراد شہید ہوئے تھے جبکہ دوسرا بڑا واقعہ سندھ کے شہر سیہون میں لعل شہباز قلندر کی درگاہ میں پیش آیا تھا جہاں عین دھمال کے وقت ہونے والے خودکش حملے میں 94 سے زائد افراد شہید ہوئے تھے۔