برطانوی ایوی ایشن کے ماہر نے احمد آباد میں بھارتی ایئرلائن کے طیارے حادثے کی بنیادی وجہ بتا دی۔
ایوی ایشن ماہر ٹیری ٹوزر کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ ٹیک آف گیئر سے متعلق بھی ہو سکتی ہے سوال فلائٹ پر فلیپس کی پوزیشن کے گرد گھومتا ہے کیونکہ فلیپس کے بغیر کوئی ہوائی جہاز ٹیک آف نہیں کر سکتا یہاں تحقیقات کرنا ہوں گی۔
ٹیری ٹوزر نے کہا کہ فوٹیج دیکھی ہیں اس میں جہاز کے پروں پر فلیپس نظر نہیں آرہے فلیپس ہوائی جہاز کے پروں پر پیچھے ہٹنے والی سطحیں ہیں جو رفتار کنٹرول کرتی ہیں اگر فلیپس نہ ہوں تو طیارہ محفوظ طریقے سے پرواز نہیں کر سکتا۔
خبر ایجنسی کے مطابق برطانیہ فضائی حادثات کے معائنہ کاروں کی ٹیم بھارت بھیجےگا۔ معائنہ کاروں کی ٹیم آج شام لندن سےروانہ ہو گی۔
طیارہ ساز کمپنی بوئنگ نے ایئر انڈیا حادثے پر بیان میں کہا کہ بھارت کیساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں فلائٹ 171 سے متعلق ایئرانڈیا سے رابطے میں ہیں۔ بوئنگ حکام نے کہا کہ مسافروں، عملے، امدادی ٹیموں اور متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں۔
طیارے کے حادثے کے بعد عالمی مارکیٹ میں بوئنگ کمپنی کے شیئر 8 فیصد تک گر گئے۔
بھارت کے شہر احمد آباد میں مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں عملے کے ارکان سمیت تمام 241 مسافر ہلاک ہوگئے۔ طیارے میں 169 بھارتی، 53 برطانوی، ایک کینیڈین اور 7 پرتگالی مسافر سوار تھے۔
ڈی جی سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے سے قبل 1 بج کر 39 منٹ پر کیپٹن نے مےڈے کی کال دی تھی۔