ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

بھارتی ایئرلائن پر ایک کروڑ سے زائد کا جرمانہ لگ گیا

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی: بھارتی سول ایوی ایشن نے ملک کی دوسری بڑی ایئرلائن کمپنی ’ایئر انڈیا‘ پر 1.10 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہوا بازی سے متعلق اصولوں کی خلاف ورزی پر ڈی جی سی اے نے ٹاٹا گروپ کی ایئر لائن کمپنی ایئر انڈیا پر ایک کروڑ دس لاکھ روپے کا جرمانہ لگا دیا ہے۔

ایئر انڈیا پر یہ جرمانہ بعض پروازوں میں حفاظتی خلاف ورزیوں پر لگایا گیا ہے، ایئر لائن پر الزام تھا کہ لیز پر لیے گئے بوئنگ B777 طیاروں میں آکسیجن سے متعلق حفاظتی تقاضوں کی تعمیل نہیں کی گئی تھی۔

سول ایوی ایشن کو اکتوبر میں ایئر لائن کے ایک ملازم کی طرف سے ایئر انڈیا کے خلاف ممبئی-بنگلورو-سان فرانسسکو کے لیے بوئنگ B777 طیارے کی پروازوں میں حفاظتی خلاف ورزیوں کی شکایت موصول ہوئی تھی، جس پر ڈی جی سی اے نے ایئر انڈیا کے خلاف جانچ شروع کر دی تھی، جس میں ایئر لائن کی جانب سے کوتاہی ثابت ہو گئی۔

ایوی ایشن کی جانب ایئر لائن کو شو کاز نوٹس جاری کیا گیا تھا تاہم کمپنی کی جانب سے اطمینان بخش جواب نہ ملنے پر ڈائریکٹر جنرل نے ایئر انڈیا پر جرمانہ عائد کر دیا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایئر انڈیا کے ایک سابق پائلٹ نے گزشتہ سال اکتوبر میں شہری ہوابازی وزارت اور ڈی جی سی اے کو اطلاع دیتے ہوئے بتایا تھا کہ ایئر انڈیا کمپنی اصولوں کو نظر انداز کر رہی ہے۔ یاد رہے کہ چند دن قبل ملک کی سب سے بڑی ایئر لائن کمپنی ’انڈیگو‘ پر بھی 1.20 کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں