بھارتی شہر ممبئی سے نیویارک جانے والا مسافر طیارہ بم کی اطلاع ملنے پر 8 گھنٹے پرواز کے بعد واپس اتار لیا گیا، جہاز میں 322 افراد سوار تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بوئنگ 777 طیارہ جس میں 303 مسافر اور 19 عملے کے ارکان سوار تھے، آذربائیجان کی فضائی حدود میں تھا جب اس کے عملے کو بم کی موجودگی کی اطلاع دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق بم کی اطلاع ملتے ہی خوف وہراس پھیل گیا، مذکورہ مسافر طیارہ رات 2 بجے ممبئی سے روانہ ہوا اور تقریباً 8 گھنٹے بعد صبح 10:25بجے واپس ممبئی پہنچ گیا۔
پرواز نمبر اے آئی 119 جو ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نیویارک کے جان ایف کینیڈی ایئرپورٹ تک جاتی ہے، عام طور پر یہ پرواز اپنا سفر 15 گھنٹے میں مکمل کرتی ہے۔
مسافروں اور عملے کی حفاظت کے پیش نظر مسافر طیارہ واپس ممبئی لایا گیا، لینڈنگ کے بعد بم کی موجودگی کی جانچ پڑتال کے بعد دھمکی کو جھوٹی قرار دیا گیا۔
ایئر انڈیا ترجمان کے مطابق اب یہ پرواز 11 مارچ 2025 کی صبح 5 بجے دوبارہ روانہ ہوگی، تمام مسافروں کو ہوٹل میں قیام کھانے اور دیگر تمام تر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
ایئر انڈیا کے ترجمان کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ خطرے کی نشاندہی ہونے پر تمام ضروری ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اور مسافروں کے تحفظ کی خاطر پرواز کو واپس موڑا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بھارت میں ہوائی جہازوں کے لیے دھمکیاں سامنے آتی رہی ہیں جو بعد میں غلط ثابت ہوئیں، تاہم متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی دھمکی کے بعد مسافروں کی جان کو خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا۔