اسلام آباد: پاک فضائیہ کے ایئرمارشل وقاص سلہری نے بتایا ہے کہ 27 فروری کو ہونے والے واقعے میں تین بھارتی جہاز تباہ ہوئے، ابھی نندن کو جھوٹ بولنے پر ایوارڈ دیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں میزبان ارشد شریف کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے ایئرمارشل وقاص سلہری نے کہا کہ وزیراعظم کی اجازت اور فیصلے پر مشن مکمل کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ کو زیر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ 27فروری کو 3ہوائی جہازگرے اور تینوں بھارتی طیارے تھے، ایم آئی17 ہیلی کاپٹر کی شوٹنگ کادعویٰ کرسکتے تھے مگر ذمہ دار قوم کا ثبوت دیتے ہوئے کوئی جھوٹا دعویٰ نہیں کیا کیونکہ دیانتداری بنیادی قدر ہے۔ پاک فضائیہ کے ایئرمارشل نے کہا کہ ابھی نندن اوربھارتی ایئرڈیفنس کی گفتگو رُک گئی تھی، پاکستانی فضائیہ نے وزیراعظم کے فیصلوں پرمشن پورا کیا۔
’ بھارتی پائلٹ کے طیارے میں چار میزائل نصب تھے، جن کو ناکارہ بنایا گیا جبکہ ہمارے تمام جیٹ طیارے باحفاظت اڈوں پر اترے، عالمی سطح پرقبول کیاگیا کہ پاکستان کا کوئی ایف16طیارہ نہیں گرا، معزز قومیں طیارہ گرنےجیسےواقعات کو نہیں چھپاتیں‘۔
وقاص سلہری نے کہا کہ بین الاقوامی میگزین نے امریکی حکومت کا حوالہ دے کر خبر شائع کی، جس میں پاکستان کے تمام طیاروں کی تعداد بتائی گئی تھی، علاوہ ازیں اصل جہاز کے مینوفیکچرر نے بھی نمبروں کی تصدیق کی اور کرسٹین فیئر نے بھی تصدیق کی پاکستان کا کوئی ایف16 نہیں گرا۔
وقاص سلہری کا کہنا تھا کہ ایف16سمیت کوئی پاکستانی طیارہ بھارت نےنہیں گرایا، بھارتی حکام نے پہلےہیلی کاپٹرگرنےکی تردیدکی اور پھر خود ہی اپنا ہیلی کاپٹر گرانےکی تصدیق کی تھی۔