اسلام آباد : ایئرچیف مارشل سہیل امان نے مایہ ناز اسکواش کھلاڑی قمر زمان کے ہمراہ مصحف اسکواش کمپلیکس کا دورہ کیا اور اسکواش کی بہتری کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایئر چیف مارشل سہیل امان خان جو کہ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے صدر بھی ہیں نے آج مصحف اسکواش کمپلیکس کا دورہ کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ ایئر وائس مارشل شاہد علوی اور اسکواش لیجنڈ قمر زمان بھی موجود ہیں۔
ایئرچیف سہیل امان نے تربیتی کیمپ میں شریک کھلاڑیوں سےملاقات کی اور ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ کے لیے ٹرائلز بھی دیکھے اور اس حوالے سے انتظامیہ کو اپنی تجاویزات بھی دیں اور پاکستان میں اسکواش کے سنہرے دور کی بحالی کے لیے ہر راست قدم اٹھانے کی ہدایات جاری کیں۔
واضح رہے کہ جونیئر اسکواش ٹیم کے ٹرائلز اسلام آباد میں جاری ہیں جس کے لیے بلوچستان سمیت ملک بھر سے 13 کھلاڑی شریک ہیں جن میں سے نئے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کا چناؤ ہوگا۔
خیال رہے کہ اسکواش وہ کھیل رہا ہے جس میں پاکستان نے مسلسل 15 سال تک کامیابی کے جھنڈے گاڑے اور ایک زمانے تک پاکستان کا طوطی بولتا رہا جب لیجنڈ کھلاڑی جہانگیر خان نے برٹش اوپن ٹورنامنٹ 10 مرتبہ، ورلڈ اوپن 6 مرتبہ اور 555 مقابلوں میں مسلسل ناقابل شکست رہنے والے کھلاڑی بن کے سامنے آئے۔
ان کے بعد جان شیر زمان بھی کامیاب کھلاڑی رہے لیکن ان دونوں کھلاڑیوں کے بعد سے اسکواش کا کھیل پاکستان میں تنزلی کا شکار ہے۔