کورونا وائرس کی عالمی وبا کے پیش نظر مختلف فضائی کمپنیوں نے چار عرب ممالک میں فضائی ٹکٹوں کی قیمتوں کمی سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے مسافروں کو ریزرویشن کی پیشکش کی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فضائی کمپنیوں نے کہا ہے کہ مصر، اردن، لبنان اور کویت کے ٹکٹوں کے نرخوں میں دس فیصد اوسط کمی ہوئی ہے۔
سال2020کی آخری سہ ماہی کے مقابلے میں رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ان ملکوں کے لیے ریزرویشن کی طلب کم ہوئی ہے۔ ان دنوں ان چاروں ملکوں کے ٹکٹوں کی قیمتیں کم ہیں تاہم نئی قیمتیں کوویڈ 19 کی وبا شروع ہونے سے پہلے کی سطح پر ہیں۔
الاماراتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بعض فضائی کمپنیوں نے مارکیٹ میں مندی کے رجحان کو دیکھتے ہوئے مسافروں کو مستقبل کے لیے ریزرویشن کی پیشکش کی ہے۔
فضائی کمپنیوں نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ موسم گرما میں ان چاروں عرب ملکوں کے لیے سفر کی ڈیمانڈ بڑھ جائے گی۔
’ویجو‘کمپنی کے ڈائریکٹر جنرل مامون حمیدان نے کہا کہ ان دنوں سب سے بڑی مشکل سفر کے لیے کوویڈ 19 ایس او پیز کی پابندی ہے، اس کے لیے مسافروں کو اضافی تیاری کرنا ہوتی ہے۔
مامون حمیدان کا کہنا تھا کہ بہرحال فضائی کمپنیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ سیاحت کے شعبے کا اعتبار بحال کرنے کے لیے امارات کے حفاظتی اقدامات سے مسافروں کو مطلع کریں۔
حمیدان نے بتایا کہ جیسے جیسے سفر کا ماحول معمول کے مطابق آتا جائے گا ویسے ویسے ٹکٹوں کی قیمتوں کا اوسط بدلتا چلا جائے گا۔
امارات سے سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران مصر کے لیے ٹکٹ کی قیمت 352 ڈالر (1292 درہم) کے لگ بھگ رہی۔ یہ 2020 کی آخری سہ ماہی کے مقابلے میں بارہ فیصد کم ہے۔
اردن کے لیے امارات سے اوسط ٹکٹ 466 ڈالر (1710 درہم) ریکارڈ کیا گیا- گیارہ فیصد کمی رہی ہے۔ لبنان کے لیے 420 ڈالر (1541 درہم) رہا 2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
کویت کے لیے اوسط ٹکٹ 716 ڈالر (2637 درہم) ریکارڈ کیا گیا۔ 45 فیصد کمی ہوئی ہے۔ جہاں تک سعودی عرب کے لیے اوسط ٹکٹ کی اوسط قیمت کا معاملہ ہے تو وہ 536 ڈالر (1967 درہم) رہی اس دوران 15فیصد ٹکٹ سستے رہے۔