اسلام آباد : پی آئی اے کے بعد نجی ائیر لائن نے بھی اندرون ملک جانیوالی پروازوں کے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا۔ کراچی سے اسلام آباد اور لاہور کا یکطرفہ کرایہ 7ہزار 8سو 89 روپے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اندرون ملک سفر کرنے والوں کیلئے اچھی خبر آگئی ، پی آئی اے کے بعد نجی ائیر لائن نے بھی اندرون ملک جانیوالی پروازوں کے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا۔
نجی ایئرلائن ائیر بلیو نے کراچی سے اسلام آباد اور لاہور کا یکطرفہ کرایہ 7ہزار8سو89روپے مقرر کردیا، صرف ہینڈ کیری (دستی سامان ) لیجانے کی اجازت ہوگی جبکہ نجی ایئر لائن نے کراچی بیگ سمیت یکطرفہ کرایہ 9 ہزار 3سو76 روپے مقرر کیا ہے۔
مزید پڑھیں : پی آئی اے نے کرایوں میں مزید کمی کا اعلان کر دیا
اس سے قبل نجی ایئرلائن سیرن ائیر نے بھی اندرون ملک جانیوالی پروازوں میں کرایوں میں کمی کا اعلان کیا تھا اور کراچی سے لاہور اور اسلام آبادکا بیگ سمیت یکطرفہ کرایہ 9ہزار500روپے مقرر کیا
پی آئی اے نے گذشتہ روز اندرون ملک جانیوالی پروازوں کے کرایوں میں کمی کا اعلان کیا تھا ، ترجمان پی آئی اے نے بتایا تھا کہ لاہور، اسلام آباد اور دیگر شہروں کے لیے کرایہ 9 ہزار 572 روپے رکھا گیا ہے جبکہ مسافروں کو 7 کلوتک ہینڈ کیری کی اجازت ہوگی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 10 جون کو پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ پی آئی اے ایک دہائی سے زائد سے مالی خسارے میں ہے اور فضائی آپریشن 10فیصد رہ گیا ہے، اسی لیے زیادہ تنخواہ یافتہ طبقے کی تنخواہوں میں عارضی کمی کا فیصلہ کیا ہے۔