اسلام آباد: کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ایئر پورٹ کی نجکاری اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ایئر پورٹ کی نجکاری عدالت میں چیلنج کردی گئی۔ شاہد اورکزئی نامی شخص کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں کہا گیا کہ نجکاری کمیشن میں شفاف نیلامی کے بجائے اربوں روپے کے قومی اثاثے نامعلوم ٹھیکیداروں کو دیے جا رہے ہیں۔
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن کے ہزاروں اہلکار بے روز گاری کا شکار ہوجائیں گے۔ وفاقی حکومت نے ہوائی اڈوں کو ٹھیکے پر دینے کے لیے کابینہ سے اجازت نہیں لی۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ آئین پاکستان کے تحت حساس تنصیبات کو پرائیوٹ کمپنیوں کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔ سول اور فوجی ہوائی اڈے دہشت گردی کے نشانے پر ہیں۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت نجکاری کمیشن کے اس فیصلے پر حکم امتناعی جاری کرے۔