جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

عارف علوی کے صدر منتخب ہونے پر رنجشیں بھلا دینی چاہئیں: اعتزاز احسن

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ آج پاکستان کے نمائندہ اداروں نے نیا صدر منتخب کیا ہے، عارف علوی کے صدر منتخب ہونے پر اب رنجشیں بھلا دینی چاہئیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں انٹرویو دیتے ہوئے کیا، اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ اختلافات ہوسکتے ہیں مگر عارف علوی مجموعی طور پر شریف آدمی ہیں، آج ان کے صدر منتخب ہونے پر آئینی عمل مکمل ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے عارف علوی پاکستان کے لیے آئینی طور پر کردار ادا کریں گے البتہ صدر کا عہدہ زیادہ تر رسمی عہدہ ہی ہے، صدر مملکت وزیراعظم اور کابینہ سے آئین کے تحت مشورے کا پابند ہے، صدر مملکت کے عہدے کے ایک یا دو اختیارات ہیں۔

رہنما پی پی کا کہنا تھا کہ میں اور مولانا فضل الرحمان آج الیکشن ہارے ہیں کوئی بات نہیں، مولانا اچھے آدمی ہیں ہم ان کی تعریف کی ہے، ایک دوسرے کے بارے میں سخت بات کر بھی دی تو آج درگزر کر دیں، اپوزیشن کے تقسیم ہونے پر بھی مثبت چیز نظر آئی ہے، پرامن اور سلجھے ہوئے انداز سے ووٹ ڈالے گئے۔

صدارتی امیدوار نامزد کرنے پرآصف زرداری کا شکرگزار ہوں، اعتزاز احسن

اعتزاز احسن کا شرجیل میمن کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شرجیل میمن کا معاملہ بظاہر تو سنجیدہ ہوگیا ہے، ان کے کمرے سے بوتلیں ملنے کے بعد تصویر آئی ہے، تصویر کے ذریعے فرانزک کرکے دیکھا جاسکتا ہے کہ شراب ہے یا شہد ہے۔

پوچھے گئے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ روایت کے برعکس استعفیٰ دیکر بابر اعوان نے مناسب قدم اٹھایا ہے، بابراعوان ہمیں چھوڑ کر گئے رنجش ہے مگر بابراعوان نے اچھا اقدام کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اکثریت رکھتی ہے تو پیپلزپارٹی پارلیمنٹ کو تحفظ دینے والی جماعت ہے، ڈی چوک پر جب شہر آباد ہوگیا تو پیپلزپارٹی نے نوازشریف کی حکومت کو سہارا دیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں