لاہور : سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ نئی نسل میں شدت کے ساتھ دائیں بازو کی سیاست دیکھ رہا ہوں کیوں کہ اب قوم کے بچوں کو محمود غزنی کے ساتھ نوازشریف کی کتاب بھی پڑھنی پڑ رہی ہے۔
اعتزاز احسن نے لاہور میں معروف سیاست دان معراج محمد خان کی سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست اور شدت پسندوں کی سزاﺅں نے دائیں بازو کی سیاست کو کمزور کیا ہے لیکن میں نئی نسل میں شدت کے ساتھ دائیں بازو کی سیاست دیکھ رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ معراج محمد خان نے طلبا سیاست کو جمہوری جد جہد کے لیے استعمال کیا اور آمروں کو للکارا اس لیے اب بھی وقت کی ضرورت ہے کہ جمہوریت کی مضبوطی کے لیے طلبا یونینز پر پابندی ختم کی جائے اور سیاست میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے طلبا کو مواقع دیے جائیں۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ پہلے قوم کے بچے محمود غزنوی کی کتابیں پڑھتے تھے تاہم اب اسکولوں اور لائبریریوں میں انہیں نواز شریف کی کتاب پڑھنا پڑے گی۔
تقریب سے سپریم کورٹ بار کونسل کے صدر رشید اے رضوی نے کہا کہ دائیں بازو کی سیاست کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے آج کسان مزور اور طلبا کے حقوق کی بات کرنے والا کوئی نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرا ایمان ہے کہ جج اور جرنیل کو کبھی بھی سیاست میں حصہ نہیں لینا چاہیے قبل ازیں تقریب سے حسین نقی ،بابا نجمی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔