اسلام آباد: پیپلز پارٹی کی جانب سے نامزد صدارتی امیدوار اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے 2 امیدوار ہوئے تو فائدہ تحریک انصاف کو ہوگا۔ ن لیگ کو بھی یہی سمجھانے کی کوشش کی کہ ایک امیدوار ہونا چاہیئے۔
تفصیلات کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدوار اعتزاز احسن نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے۔ کاغذات میں میاں رضا ربانی اور راجہ پرویز اشرف اعتزاز احسن کے تجویز کنندہ ہیں۔
کاغذات جمع کروانے کے بعد اعتزاز احسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فارم ایک ہی صفحے پر مشتمل ہے۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ مجھے نامزد کرنے کا جو طریقہ کار تھا وہ تھوڑا مختلف تھا، پیپلز پارٹی کی ایک میٹنگ تھی جس میں، میں موجود نہیں تھا۔ اعتراض کیا گیا کہ بغیر مشاورت کے میرا نام دے دیا گیا۔
مزید پڑھیں: مسلم لیگ ن نے مولانا فضل الرحمٰن کو صدارتی امیدوار نامزد کردیا
انہوں نے بتایا کہ پارٹی میٹنگ میں میرے نام کی تجویز آل پارٹیز کانفرنس میں دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ پارٹی میٹنگ میں اتفاق رائے پبلک ہوئی جس پر پرویز رشید نے برا مانا۔ جو اعتراض پرویز رشید نے کیا اس کی توقع ہی نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ پرویز رشید کے اعتراض کا جواب مسلم لیگی رہنماؤں نے دے دیا، ان کا کہنا ہے پرویز رشید کی رائے ذاتی ہے پارٹی پالیسی نہیں۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے صدارتی انتخاب کے لیے نامزد کرنا اعزاز ہے۔ اپوزیشن کے 2 امیدوار ہوئے تو فائدہ تحریک انصاف کو ہوگا۔ ن لیگ کو بھی یہی سمجھانے کی کوشش کی کہ ایک امیدوار ہونا چاہیئے۔