لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے ایئرپورٹ جانا ہی نہیں تھا، شہباز شریف نے اپنے بھائی کو بلا کر پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 133 کے امیدوار عاصم بھٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اعتزاز احسن نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی، رانا ثنا اللہ اور دیگر استقبال کو نہیں پہنچے، یہ سب شیر کی کھال میں گیدڑ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فخر ہے ہمارا تعلق شہیدوں کے خاندان سے ہے، آصف زرداری نے ہمیشہ صبرو تحمل سے کام لیا ہے، زرداری منشور کے مطابق بات کرتے ہیں، پارٹی کا منشور بھوک مٹاؤ ہے لوٹ مار نہیں، ہماری پارٹی نے ہمیشہ غریب طبقے کا ہی ساتھ دیا ہے۔
اعتزاز احسن نے کہا کہ مریم نواز اور حمزہ شہباز کے درمیان اختلافات زیادہ ہوچکے ہیں، باتیں تو بہت ہوتی ہیں، شہباز شریف اتنے لوگ اکٹھے نہ کرسکے، ووٹ تو شہباز شریف مانگتے ہیں مگر انہیں لوہے کے چنے چبانے پڑے۔
مزید پڑھیں: نوازشریف اور مریم کے ساتھ دھوکا ہوا، اعتزاز احسن
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف ریلی سے غائب ہوکر کس سے ڈیل کرنے گئے تھے، ن لیگ کے ووٹرز نے دیکھ لیا شہباز شریف ریلی سے تین گھنٹے غائب رہے، نواز شریف کی آمد کے موقع پر مسلم لیگ ن کے شیر سارے ڈھیر ہوگئے۔
رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ بلاول بھٹو کل لاہور آئیں گے پھر قصور جائیں گے، پچ پر گڑ بڑ ہورہی ہے ہمارے کارکنان پر زور ڈالا جارہا ہے، ملک میں انتخابات شفاف ہونے چاہئیں۔