کراچی: عدالتی فیصلے کے بعد عہدے سے نااہل ہونے والے وزیر اعظم نواز شریف کے گوجرانوالہ میں عوام سے خطاب پر اعتزاز احسن، شیخ رشید اور نعیم الحق نے اپنے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا کہ نوازشریف کو پتہ ہے اب وہ مقدمات سے نہیں بچ سکتے، ان کے پاس صفائی کیلئے کچھ نہیں ہے، نااہل وزیر اعظم اب بند کمرے سے دیوار توڑ کر نکلنا چاہتے ہیں۔
اعتزازاحسن نے کہا کہ میاں صاحب نے ماضی میں سازش کرکے وزرائےاعظم کو گھر بھیجا، انہوں نے ماضی کے وزرائے اعظم کی ٹانگیں کھینچیں۔
نوازشریف کس منہ سے کہتے ہیں کہ میرےخلاف سازش ہوئی، وہ تو خود سازشوں میں ملوث رہے ہیں، شریف خاندان نے سپریم کورٹ میں جعلی دستاویزات پیش کیں، اب نوازشریف کو نظرآرہا ہے کہ سزا ہونے والی ہے۔
نوازشریف نے شرمناک ذہنیت کا مظاہرہ کیا، نعیم الحق
پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق نے کہا کہ عوام نے نوازشریف کومسترد کردیا ہے لیکن وہ اب بھی خود کو مغل بادشاہ سمجھ رہے ہیں، اپنے خطاب میں نوازشریف نے بہت شرمناک ذہنیت کا مظاہرہ کیا ہے،۔
سابق وزیر اعظم اب بھی طاقت کےنشے میں چورہیں، نعیم الحق نے مزید کہا کہ نواز شریف کیلئے نااہلی کی سزا کم ہے انہیں عمرقید کی سزاملنی چاہیئےتھی، نوازشریف اب گھر کہاں بیٹھیں گے وہ اب بے گھر ہوچکے ہیں۔
اب نوازشریف کے نصیب میں آرام نہیں ہے، شیخ رشید
اس حوالے سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا یہی قصور بہت بڑاہے کہ وہ نااہل ہو چکے ہیں، گوجرانوالہ میں بڑے جلسے کی توقع رکھتا تھا لیکن لوگ ان کےجلسے میں ان کی بھی توقع کے مطابق نہیں آئے۔
گوجرانوالہ میں جمعے کو چھٹی ہوتی ہے مگر پھر بھی لوگوں کی خاطر خواہ تعداد موجود نہیں تھی، شیخ رشید نے کہا کہ اب نوازشریف کے نصیب میں آرام نہیں ہے، آخری عمر میں نوازشریف کے نصیب میں دھکے ہی کھانے ہیں تو شوق سے کھائیں۔
نوازشریف اپنے گناہوں کی سزا قوم کو دینا چاہتےہیں، مفتی نعیم
علاوہ ازیں بنوری ٹاؤن کراچی کے مہتمم مفتی محمد نعیم نے گوجرانوالہ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی ریلی میں بچے کی موت پر اپنے انتہائی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اقتدار کے نشے میں چور سیاستدان عوام کو کچھ نہیں سمجھتے، گاڑی کی ٹکر کے بعد ریلی کو نہ روکنا افسوسناک عمل ہے۔
مفتی محمد نعیم نے کہا کہ نوازشریف اپنے گناہوں کی سزا قوم کو دینا چاہتےہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرکے ذمہ داران کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔