جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

مسلم لیگ ن کا وطیرہ بن گیا ہے ان دیکھے ہاتھوں پر الزام عائد کرنا: اعتزاز احسن

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: پیپلز پارٹی کے رہنما اور سنیئر قانون دان اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے اسمبلیوں کی مدت کے بارے میں لچھے دار بات کی، ن لیگ نام بھی نہیں بتاتی کہ ان کے خلاف سازش کون کر رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سنیئر قانون دان اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ ملتان کا واقعہ کالے کوٹ کے وقار کے خلاف اور شرمناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر سردار ایاز صادق نے لچھے دار بات کی، وہ کہتے ہیں کہ اسمبلی چلتی نظر بھی نہیں آتی اور وہ چلائیں گے بھی۔ ن لیگ کا وطیرہ بن گیا ہے کہ ان دیکھے ہاتھوں پر الزام عائد کرتے ہیں۔ لیگی رہنما رونا ڈال کر بیٹھے ہیں کہ انہیں کیوں نکالا۔

مزید پڑھیں: ہوسکتا ہے اسمبلی مدت پوری نہ کرے، ایاز صادق

اعتزاز احسن نے کہا کہ ن لیگ نام بھی نہیں بتاتی کہ ان کے خلاف سازش کون کر رہا ہے۔ ن لیگ حکومت میں بھی ہے اور اپوزیشن میں بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ سے اب بھی مسلم لیگ ن کو ریلیف مل رہا ہے۔ فوج ن لیگ کے خلاف سازش نہیں کر رہی۔ نواز شریف اپنے پاؤں پر کلہاڑی مار کر روتے ہیں کہ انہیں کیوں نکالا۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ ایک ملک کا وزیر اعظم ہو کر غیر ملکی کمپنی کی ملازمت کر رہا ہے۔ اس لیے انہیں نکالا گیا، مسلم لیگ ن کے ارد گرد اقامہ ایک گھنٹی بن چکا ہے جو ٹن ٹن بج رہا ہے۔ اقامہ صرف حکومت سے نکالنے کے لیے ہی نہیں بلکہ سزا کے لیے بھی کافی ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ انتخابات وقت پر ہوں گے اور جلد مسائل کا حل نکل آئے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ اسمبلی اپنی مدت پوری کرے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے بیرونی خطرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورت حال بہت غیر یقینی کی ہے، ہمیں الیکشن کے عمل سے گزرنے کے لیے وقت درکار ہے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں