لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے صدارتی امیدوار چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ صدارتی الیکشن سے متعلق فضل الرحمان کا روّیہ غیر مناسب ہے، مولانا رشتہ کرانے گئے تھے خود نکاح پڑھوا کر آ گئے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں کیا، اعتزاز احسن نے کہا ’مولانا فضل الرحمان کے حق میں دست بردار ہونا ناممکن ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اور ہماری سوچ میں بہت فرق ہے، ن لیگ کا مزاج مولانا صاحب کے مزاج سے مطابقت رکھتا ہے۔ مولانا کے لیے صدارتی عہدہ غیر موزوں ہے، صدر کے اختیارات اب بہت کم ہوگئے ہیں۔
[bs-quote quote=”مولانا فضل الرحمان اور مسلم لیگ ن ہم مزاج ہیں۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
اعتزاز احسن نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ان کے بہت اچھے تعلقات ہیں، کہا ’میری ذات کے خلاف ن لیگ کی جانب سے ردِ عمل آنا شروع ہو گیا ہے۔‘
پی پی کے صدارتی امیدوار نے پرویز رشید پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سوچ جاگیر دارانہ ہے، انھوں نے کہا تھا ’اڈیالہ جیل جا کر نواز شریف سے معافی مانگیں۔‘
اعتزاز احسن نے کہا کہ نواز شریف سے کہا تھا پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا لیں، ایک تھیٹر باہر لگا ہے ایک تھیٹر اندر لگا لیں، کیوں کہ 2014 کا دھرنا بہت جارحانہ تھا، لیکن انھوں نے نہیں مانا۔
صدارتی امیدوار مولانا فضل الرحمان کی متحدہ رہنماؤں سے ملاقات، تعاون کی درخواست
بیرسٹر اعتزاز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے 2 امیدوار کھڑے ہونے سے پی ٹی آئی کو فائدہ ہو گیا، ن لیگ کا رویہ اس ضمن میں اچھا نہیں رہا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صدارتی انتخاب کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست آج جاری کردی ہے، اعتراز احسن، ڈاکٹرعارف علوی، امیر مقام اور مولانا فضل الرحمان میدان میں ہیں۔