واشنگٹن : امریکہ میں پاکستان کی جانب سے مقرر نئے پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری امریکہ پہنچ گئے۔
تفصیلات کےمطابق واشنگٹن میں موجود پاکستانی سفارت خانے کے ترجمان نے تصدیق کی ہےکہ نئے پاکستانی سفیر اعزازچوہدری امریکہ پہنچ گئے ہیں۔انہوں نےکہاکہ اعزازچوہدری 17 مارچ کوپاکستانی میڈیاسےملاقات کریں گے۔
پاکستانی سفارت خانے کے ترجمان کے مطابق نئے سفیر اعزازچوہدری کا ٹرمپ انتظامیہ سےملاقاتوں کاسلسلہ جلدشروع ہوگا۔
خیال رہےکہ گزشتہ ہفتے وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان سے امریکہ کےلیےنامزد سفیر اعزاز چوہدری نے ملاقات کی تھی جس میں پاک امریکہ تعلقات اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
چودھری نثار نےاعزاز چودھری سےکہاتھاکہ بطور پاکستانی سفیر آپ کی سب سے بڑی ذمہ داری ہوگی کہ پاکستان کی پالیسی اور نقطہ نظر ان امریکی ایوانوں، اداروں اور شخصیات تک موثر انداز میں پہنچایا جائےجنہوں نے پاکستان پر تنقید اپنا وطیرہ بنا لیا ہے۔
چوہدری نثارعلی خان نےامریکہ کےلیےنامزد سفیر اعزاز چوہدری کی بطور سیکرٹری خارجہ پاکستان کےلیے خدمات کوبھی سراہاتھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جلیل عباس جیلانی امریکہ میں پاکستان کے سفیر کے طور پر خدمات انجام دے رہےتھے۔