کراچی : سابق سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پاکستان کو بدنام کرنے کیلیے جہاں بھی اپنے وفود بھیج رہا ہے وہاں ثبوت مانگے جارہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے مضبوط جواب ملنے پر بھارتی رہنما مایوس ہوگئے ہیں۔
اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ اسی مایوسی کے عالم میں نریندر مودی ایسی باتیں کررہے ہیں جس سے خود بھارتی عوام حیران ہیں کہ ان کو کیا ہوگیا ہے؟
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت نے عالمی سطح پر پاکستان کیخلاف منفی پروپیگنڈا کرنے کی پوری کوشش کی لیکن دنیا نے اس سے پہلگام واقعے کے ثبوت مانگ لیے۔
امریکی صدر کو ہی دیکھ لیں کہ اب تک انہوں نے پاکستان کیخلاف ایک بھی منفی گفتگو نہیں کی، اس کے علاوہ بھارت جہاں بھی پاکستان کیخلاف بات کرتا ہے وہاں مسئلہ کشمیر کا تذکرہ اٹھتا ہے۔
سابق سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی سیاستدان بھی یہی کہتے ہیں کہ ہرمرتبہ انتخابات کے موقع پر ہی ڈرامہ کیوں ہوتا ہے؟ صوبہ بہار میں الیکشن آرہے ہیں نریندر مودی اس کیلئے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔
اعزاز چوہدری نے مزید کہا کہ اس مرتبہ پاکستان کا مقدمہ مضبوط ہے اور عالمی سطح پر ہمارے مؤقف کو سراہا جارہا ہے لیکن بھارت جہاں بھی جارہا ہے اسے وہاں منہ کی کھانا پڑرہی ہے۔