مظفرآباد : وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ میں کشمیریوں کی ترجمانی پروزیراعظم پاکستان کے شکر گزارہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیرفاروق نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے جنرل اسمبلی خطاب کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کواجاگر کرناخوش آئند ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں کی درست ترجمانی کی بطورکشمیری وزیراعظم پاکستان کے خطاب کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں کی ترجمانی پروزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر نے کہا کہ مسئلہ کشمیرپراقوام متحدہ کے خصوصی نمائندےکا تقررضروری ہے۔
فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں تخریب کاریوں کی پشت پناہی کررہا ہے۔
بھارت نےمحدود جنگ کی پالیسی نہ بدلی تومنہ توڑ جواب ملےگا‘ وزیراعظم
خیال رہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 72 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 7 لاکھ فوج تعینات کررکھی ہے جو کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو طاقت کے ذریعے کچل رہی ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ بھارت جرائم پر پردہ ڈالنے کے لیے ایل او سی پر سیزفائر کی خلاف ورزی کرتا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں بیلٹ گنوں کے استعمال اور دیگر جرائم سے روکے۔