منگل, مارچ 18, 2025
اشتہار

اجمل وزیر کی آڈیو ٹیپ کی تحقیقات میں پیش رفت

اشتہار

حیرت انگیز

پشاور: سابق مشیر اطلاعات خیبر پختون خوا اجمل وزیر کی آڈیو ٹیپ کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق مشیر کے پی کی آڈیو ٹیپ کی تحقیقات کے سلسلے میں انکوائری کمیشن کی منظوری آج صوبائی کابینہ سے لی جائے گی۔

اس سلسلے میں جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کابینہ کا اجلاس 11 نکاتی ایجنڈے پر مشتمل ہے، جس میں آڈیو ٹیپ کے حوالے سے انکوائری کمیشن کی منظوری بھی شامل ہے۔

یاد رہے کہ اجمل وزیر آڈیو کیس کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن کا قیام 14 جولائی کو ہوا، محکمہ انتظامی امور نے انکوائری کمیشن سے متعلق اعلامیہ جاری کیا تھا۔

اجمل وزیر کا عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد بیان سامنے آگیا

11 جولائی کو خیبر پختون خواہ حکومت نے مشیر اطلاعات اجمل وزیر کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے کامران بنگش کو مشیر اطلاعات کے پی کی اضافی ذمہ داری سونپ دی تھی، جن کے پاس بلدیات کا قلم دان بھی تھا۔

حکومتی اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ اجمل وزیر کو مبینہ آڈیو معاملے پر عہدے سے ہٹایا گیا، آڈیو کی تحقیقات کے لیے وزیر اعلیٰ محمود خان کی جانب سے انکوائری کمیٹی بھی قائم کی گئی تھی، مبینہ آڈیو میں اشتہارات پر ٹیکسز کی مد میں چھوٹ، ٹیکس چھوٹ کو کمیشن میں تبدیل کرنے سمیت اشتہاری کمپنی کے نمائندے سے بات کی گئی تھی۔

اجمل وزیر نے عہدے سے ہٹانے جانے کے بعد بیان دیا کہ میرے خلاف منظم سازش ہوئی ہے، سازشیوں نے راستہ روکنے کے لیے گھٹیا طریقہ اپنایا، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کا قائل ہوں، الزامات جس پر بھی لگے سامنا کرنا چاہیے۔ انھوں نے آڈیو سے متعلق کہا کہ مختلف اجلاسوں، بریفنگز کو کٹ کر کے من گھڑت آڈیو تیار کرائی گئی، جس معاملے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اس سے میرا تعلق ہی نہیں ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں