اسلام آباد : اکبر ایس بابر کا کہنا ہے کہ چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے آج پھر خود کو قانون سے بچانے کی کوشش کی اور وہ صرف اقتدار میں آنا چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف کی غیرملکی فنڈنگ کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ عمران خان 2سال سے اکاؤنٹس کی تفصیلات نہیں دے رہے،آج ہمیں ایک اوربڑی کامیابی ملی ، عمران خان نے آج پھر خود کو قانون سے بچانے کی کوشش کی۔
اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ عمران خان کا صاف سیاست کا دعویٰ جھوٹا ثابت ہورہا ہے ، عمران خان عدالتوں کے بھگوڑےہیں، عمران خان نےکرپشن کی بجائے احتساب کو ختم کیا۔
عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عمران خان نے پنڈی کے جلسے میں کہا قوم سے جھوٹ نہیںٕ بولوں گا، عمران خان صاحب ! آپ نے قوم سے جھوٹ بولا کرپشن کے خلاف ہوں، آپ کرپٹ لوگوں کی پذیرائی کررہے ہیں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ عمران نے وعدہ کیا تھا کالی بھیڑوں کو پارٹی میں قبول نہیں کروں گا، عمران خان نے دو نمبرپارٹی انتخابات کرائے۔
اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ بینک آف خیبر میں اقربا پروری کو فروغ دیا جا رہا ہے جب کہ عمران خان آپ نے اپنے د وست راشد کو بینک آف خیبر میں ڈائریکٹر لگایا۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو پارٹی فنڈنگ کیس میں سات ستمبر تک جواب کے لئے آخری مہلت دیدی اور مقدمے کی کارروائی روکنے کی درخواست بھی مسترد کردی۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات میں بےضابطگیوں کے خلاف دوسری درخواست کی سماعت تیرہ ستمبرتک ملتوی کردی۔