اسلام آباد: کراچی کی معروف تاجر شخصیت عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا ہے کہ عمران خان ملک کو مشکل معاشی صورتحال سے باہر نکالیں گے۔
تفصیلات کے مطابق تاجر عقیل کریم ڈھیڈی نے بنی گالہ میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں الیکشن میں ملنے والی کامیابیوں پر مبارک باد بھی پیش کی۔
تاجر رہنما نے پاکستان کے آئندہ آنے والے وزیر اعظم سے ملکی معیشت کی بحالی سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور معاشی امور سے متعلق مختلف تجاویزبھی دیں۔
قبل ازیں بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت پرمشکل وقت ضرور ہے مگر قوم پرامید ہے کہ عمران خان ملک کے معاشی مسائل کا حل نکال لیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ میرا اپنا کاروبار اور مصروفیات ہیں عمران خان سے کسی بھی قسم کی ذمہ داری کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔ نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق بنی گالہ میں عمران خان کے زیر صدارت اجلاس جاری ہے جس میں بہت اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں 25 جولائی کو عام انتخابات کا انعقاد کیا گیا تھا، قومی اسمبلی کی 272 نشستوں میں سے تحریک انصاف نے 116 اپنے نام کیں اور وفاق میں سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری۔
تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان کو وزارتِ عظمیٰ کے لیے نامزد کیا گیا ہے، جس کا انتخاب 16 اگست کو ہوگا اور ممکنہ طور پر کپتان بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔