اسلام آباد : بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ سرداراختر مینگل نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ کی وجوہات بتادیں۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے سربراہ سرداراختر مینگل نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا اور اپنا استعفیٰ سیکریٹری قومی اسمبلی کو جمع کرا دیا۔
جس میں کہا کہ بلوچستان کی موجودہ صورتحال نے مجھے یہ قدم اٹھانے پر مجبور کیا ، اس ایوان کی طرف سے ہمیں مسلسل پسماندہ ،نظر انداز کیا گیا ہے۔
استعفے میں لکھا ‘ہر روز ہمیں دیوار سے دھکیل دیا جاتا ہے، ہمارے پاس اپنے کردار پر نظر ثانی کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ،اسمبلی میں حقیقی نمائندگی نہ ہونے سےآوازیں تبدیلی لانےسےقاصر ہیں۔’
بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ یہ واضح ہے ہماری بات کرنےیااحتجاج کرنےکی کوششوں کودشمنی سےملایاجاتاہے، ایسے حالات میں اس حیثیت میں رکنیت جاری رکھنا ناممکن ہے، میری یہاں موجودگی اب لوگوں کےکسی کام کی نہیں جن کی نمائندگی کرتاہوں۔
انھوں نے اسپیکر سے گزارش کی کہ میرا استعفیٰ قبول کر لیں، دعا ہے بلوچستان کو ترقی اور خوشحالی نصیب ہو۔
دوسری جانب اسپیکرقومی اسمبلی نے اختر مینگل کا استعفیٰ منظورنہ کرنےکافیصلہ کرلیا ہے۔