ممبئی: بالی وڈ کے سُپر اسٹار اکشے کمار نے بندروں کی دیکھ بھال اور خوراک کیلیے بھاری رقم عطیہ کر کے چاہنے والوں کے دل جیت لیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اکشے کمار اکثر اپنے فلاحی کاموں کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں۔ اس بار انہوں نے شہر ایودھیا میں بندروں کو روزانہ کھانا کھلانے کیلیے 1 کروڑ روپے عطیہ کیے۔
اکشے کمار نے ایودھیا کے مضافات میں محفوظ مقامات پر روزانہ 1200 سے زیادہ بندروں کو کھانا کھلانے کا انیشیٹو شروع کیا ہے۔ اداکار نے بندروں کو کھانا کھلانے والی گاڑی پر والدین اور راجیش کھنہ کا نام لکھ کر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
بندروں کو علاقے کے بھیڑ بھاڑ والے حصوں سے دور طے شدہ جگہوں پر مناسب طریقے سے کھانا کھلایا جائے گا جس سے ہر روز ایودھیا جانے والے لاکھوں یاتریوں کو کسی قسم کی تکلیف نہیں پہنچے گی۔
یہ بھی یقینی بنائے گا کہ شہر صاف ستھرا رہے گا۔
اکشے کمار نے اس پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب میں نے بندروں کو درپیش مسائل کے بارے میں سنا تو مجھے فوراً اپنا حصہ ڈالنے کا احساس ہوا، کھانا کھلانے والی گاڑی پر والدین اور سسر راجیش کھنہ کے نام لکھے جانے کا فیصلہ ایک جذباتی فیصلہ ہے۔
یاد رہے کہ پچھلے مہینے اکشے کمار نے حاجی علی درگاہ کی تزئین و آرائش کیلیے 1.21 کروڑ روپے کا عطیہ دیا تھا جبکہ کورونا وبا کے دوران 25 کروڑ روپے عطیہ کیے تھے۔
اکشے کمار آئندہ فلم ’سنگھم اگین‘ میں سوریاونشی کا کردار دوبارہ نبھاتے ہوئے نظر آئیں گے۔ فلم میں اجے دیوگن، دپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ، ارجن کپور، ٹائیگر شراف، کرینہ کپور خان اور دیگر بھی شامل ہیں۔
’سنگھم اگین‘ یکم نومبر کو ریلیز ہونے والی ہے اور باکس آفس پر اس کا ٹکراؤ کارتک آریان، ودیا بالن اور مادھوری ڈکشٹ کی فلم ’بھول بھولیاں 3‘سے ہوگا۔