ممبئی میں بزرگ شہری نے معروف بالی وڈ سُپر اسٹار اکشے کمار سے ملاقات کے دوران ان سے بیت الخلا بنوانے کی درخواست کر دی۔
انڈین میڈیا کے مطابق اکشے کمار نے 2018 میں ممبئی کے جوہو ساحل کے قریب عوام کیلیے بیت الخلا بنوایا تھا جو اب بزرگ شہری کے مطابق استعمال کے قابل نہیں رہا۔
اکشے کمار نے سماجی بیداری پر مبنی فلم ’ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا‘ کے بعد موبائل ٹوائلٹ بنوایا تھا جس کی لاگت 10 لاکھ روپے آئی تھی۔
ممبئی میں آج پولنگ اسٹیشن کے باہر اکشے کمار سے ملاقات کرنے والے بزرگ شہری نے اداکار سے مصافحہ کیا اور شکایت کی کہ ’آپ نے جو بیت الخلا بنوایا تھا وہ اب استعمال کے قابل نہیں رہا۔ میں پچھلے چار سالوں سے اس کا خیال رکھ رہا ہوں‘۔
اس پر بالی وڈ اسٹار نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’اوہ اچھا، وہ آپ ہیں۔ ٹھیک ہے، میں اس مسئلے کو بی ایم سی کی توجہ میں لاؤں گا‘۔
بزرگ شہری نے کہا کہ ’آپ بس ایک نیا ٹوائلٹ عطیہ کر دیں، میں اس کی دیکھ بھال کروں گا‘۔
اکشے کمار نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ میں پہلے ہی ایک بیت الخلا بنوا چکا ہوں، میں بی ایم سی سے کہوں گا کہ وہ اسے ٹھیک کرے اور اس کا خیال رکھے۔
ان کی اہلیہ و نامور اداکارہ ٹوئنکل کھنہ نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر ٹوئٹ کیا تھا کہ شہری جوہو ساحل پر کھلے عام رفع حاجت کرتے ہیں، اس ٹوئٹ کے بعد اکشے کمار نے بیت الخلا بنا کر عطیہ کیا تھا۔
اکشے کمار کو آخری بار اسکرین پر روہت شیٹی کی فلم ’سنگھم اگین‘ میں ایک مختصر کردار میں دیکھا گیا۔ اس وقت میں ’ہاؤس فل 5‘ اور ’بھوت بنگلہ‘ کی تیاری میں مصروف ہیں۔