اسلام آباد: احتساب عدالت میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت آج ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک سابق وزیراعظم کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسزکی سماعت کریں گے۔
احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے آج نوازشریف کو اور جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء کو بطور گواہ طلب کررکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق سزا یافتہ سابق وزیراعظم کواڈیالہ جیل سے آرمرڈ وہیکل میں عدالت لایا جائے گا، نوازشریف کے قافلے میں جیمروالی گاڑی ، ایمبولینس بھی شامل ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، احتساب عدالت کے اطراف 200 سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے۔
نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو قید کی سزا اورجرمانہ
واضح رہے کہ احتساب عدالت کی جانب سے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نواشریف کو 11، مریم نواز کو 8 اور کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم نواز 13 جولائی کو جب لندن سے وطن واپس لوٹے تو دونوں کولاہور ایئرپورٹ پرطیارے سے ہی گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔