منگل, جولائی 1, 2025
اشتہار

نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: احتساب عدالت میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے تفتیشی افسر محبوب عالم پر جرح کی۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف بھی کمرہ عدالت میں موجود رہے۔

نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے تفتیشی افسر محبوب عالم پر جرح کی۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ نیب نے متعلقہ اداروں کو اثاثوں سے متعلق ریکارڈ کے لیے خطوط لکھے، یہ درست ہے ایف آئی اے کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملا۔

خواجہ حارث نے پوچھا کہ کیا آپ نے نیب کے حکام کو بھی ریکارڈ فراہمی کے لیے خط لکھا؟ جس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ نیب حکام کو بھی خط لکھا مگر ہیڈ کوارٹر سے کوئی جواب نہیں ملا۔

خواجہ حارث نے پوچھا کہ کیا ایف آئی اے اور نیب ہیڈ کوارٹر کو خطوط کی کاپیاں ہیں؟ جس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ خطوط کی کاپیاں میرے پاس نہیں عدالت کہے تو پیش کر سکتا ہوں۔

عدالت نے انہیں ہدایت کی کہ دونوں خطوط کی 2، 2 کاپیاں پیش کریں۔ خواجہ حارث نے کہا کہ ایسا تو نہیں ایف آئی اے نے اطلاع دی ہو مگر ان کے پاس ریکارڈ نہیں جس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ نہیں ایسا کچھ نہیں ہوا ان کا جواب ہی نہیں آیا۔

خواجہ حارث نے کہا کہ کیا ایف آئی اے اور نیب نے کہا کہ ان کے پاس ریکارڈ نہیں؟ تفتیشی افسر نے کہا کہ جب جواب ہی نہیں آیا تو یہ بات کیسے کہہ سکتا ہوں،۔ تفتیشی رپورٹ میں صفحہ 8 کے پیراگراف 6 پر یہ بات لکھی ہے۔

خواجہ حارث نے کہا کہ کیا آپ نے ایف آئی اے کو یاد دہانی کا خط لکھا تھا؟ تفتیشی افسر نے کہا کہ ایف آئی اے کو یاد دہانی کا کوئی خط نہیں لکھا۔ نیب ہیڈ کوارٹر کو بھی یاد دہانی کے لیے خط نہیں لکھا۔

خواجہ حارث نے کہا کہ عبوری ریفرنس سے پہلے آپ نے تفتیشی رپورٹ میں لکھا جس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ ریکارڈ دیکھنا پڑے گا۔

وکیل صفائی نے نواز شریف اور حسین نواز کے ٹرانسکرپٹ پیش کرنے پر اعتراض کیا تو عدالت نے کہا کہ وکیل صفائی کے اعتراض پر فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

سماعت کے دوران نواز شریف اور شہباز شریف کی کمرہ عدالت میں ملاقات بھی ہوئی۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو ریکارڈ کے حصول کے لیے لکھے خطوط پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کل فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت نہیں ہوگی، پہلے تفتیشی افسر پر العزیزیہ اسٹیل ریفرنس میں جرح مکمل ہوگی۔

احتساب عدالت نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس پر مزید سماعت کل تک ملتوی کردی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں