اسلام آباد: نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس سے متعلق کیس کی سماعت آج پھر ہوگی، احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک ریفرنس پر سماعت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس پر سماعت آج ہوگی، وکیل صفائی خواجہ حارث گواہ واجد ضیا پر جرح جاری رکھیں گے۔
ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا معطلی کے بعد پہلی بار نوازشریف عدالت میں پیش ہوں گے، گزشتہ سماعت میں ایم ایل اے کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی درخواست منظور کی گئی تھی۔
خیال رہے کہ 19 ستمبر کو احتساب عدالت میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس کی سماعت ہوئی تھی، نواز شریف کو اڈیالہ جیل سے سخت سیکیورٹی میں احتساب عدالت پہنچایا گیا تھا۔
سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر اور نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کے درمیان گرما گرمی دیکھی گئی تھی۔
العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس کی سماعت پیر تک ملتوی
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے کی سماعت میں جج ارشد ملک نے کہا کہ طے ہوا تھا خواجہ صاحب آج جرح ختم کریں گے، جس پر خواجہ حارث نے کہا کہ میں نے کہا تھا پورا دن مل جائے تو جرح ختم کرلوں گا، ہائیکورٹ جانا ہے جرح کے بجائے ایم ایل اے کی درخواست پر دلائل سن لیں۔
خیال رہے کہ ایک سماعت میں خواجہ حارث نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سربراہ واجد ضیا سے سوال کیا تھا کہ وہ آرڈر کہاں ہے جس میں والیم 10 سیل یا پیک نہ کرنے کا حکم ہے جس پر نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا تھا کہ والیم 10 کے حصول کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دینی چاہیئے تھی۔