اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس کی سماعت آج پھر ہوگی، سماعت احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق العزیزیہ اسٹیل ریفرنس کا ٹرائل آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے، احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک ریفرنس کی سماعت کریں گے۔
سماعت کے دوران العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس کے تفتیشی افسر اپنا بیان جاری رکھیں گے، جبکہ نواز شریف کی آج احتساب عدالت میں پیشی متوقع ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے کی، سابق وزیراعظم میاں نوازشریف عدالت میں موجود تھے۔
العزیزیہ ریفرنس : جے آئی ٹی کا مواد تفتیشی افسر بطورشواہد پیش نہیں کرسکتے‘ عائشہ حامد
مذکورہ سماعت میں خواجہ حارث کی معاون وکیل عائشہ حامد تفتیشی افسرمحبوب عالم کے قلمبند بیان پراعتراض لکھوایا۔
اس موقع پر عائشہ حامد نے کہا تھا کہ ٹرائل کورٹ جے آئی ٹی کے مواد کو قانون شہادت کےمطابق دیکھے گی، جے آئی ٹی کا مواد تفتیشی افسربطورشواہد پیش نہیں کرسکتے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے وکیل نے گزشتہ روز جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء پر جرح مکمل کرلی تھی۔
احتساب عدالت میں العزیزیہ اسٹیل ملزریفرنس کی سماعت
یاد رہے کہ 24 ستمبرکواحتساب عدالت میں سابق وزیراعظم کے وکیل خواجہ حارث نے نوازشریف کی 5 دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی تھی۔
بعد ازاں احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم کی 3 دن کے لیے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی تھی۔