ریاض: شام کے صدر احمد الشرع پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔
دورہ سعودی عرب کے موقع پر سعودی ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے احمد الشرع کا پُرتپاک استقبال کیا، شامی صدر سے گفتگو میں شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ مشرق وسطیٰ امن کا گہوارہ بنے، اور تمام عرب ممالک ترقی اور خوش حالی کی راہ پر گامزن ہوں۔
اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ، شام میں قیام امن اور سلامتی کے امور پر گفتگو کی گئی، شام پرعائد پابندیوں کے خاتمے پر بھی تبادلہ خیال ہوا، سعودی ولئ عہد نے کہا کہ شامی عوام ہمارے بھائی ہیں، ان کی ممکن مدد کریں گے۔
الشرع کے ساتھ ریاض میں ہونے والی بات چیت میں شام کے وزیر خارجہ اسعد الشیبانی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے بعد الشرع نے کہا کہ ایم بی ایس کے ساتھ ملاقات نے ظاہر کیا کہ سعودی عرب مستقبل کی تعمیر میں شام کی حمایت کرنے کی حقیقی خواہش رکھتا ہے۔
شام کے شہر منبج میں کار بم دھماکہ، 15 مزدور جاں بحق
شامی صدر نے مزید کہا کہ ریاض میں ان کی ملاقاتوں میں توانائی، ٹیکنالوجی، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں تعاون کے منصوبے شامل تھے۔ الجزیرہ کے مطابق الشرع نے ریاض کو اپنی پہلی منزل کے طور پر اس لیے منتخب کیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ سعودی عرب کو معلوم ہو کہ نئے شام کی کتنی اہمیت ہے۔
واضح رہے کہ الشرع نے 8 دسمبر کو بشار الاسد کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد شام کی قیادت سنبھالی ہے، تب سے شام کی نئی انتظامیہ علاقائی اور بین الاقوامی قانونی حیثیت حاصل کرنے اور شام پر سے مغربی پابندیاں ہٹانے کے لیے کوشاں ہے۔