کراچی: ایشین اسنوکر کنفیڈریشن کے سینئر نائب صدر عالمگیر شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کو اسنوکر کے بڑے ایونٹ کی میزبانی مل سکتی ہے اگر کوئی اسپانسر مل جائے۔
تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عالمگیر شیخ نے کہا کہ پاکستان میں کھیلنے کے لیے بھارت سمیت کئی ممالک نے دل چسپی ظاہر کی ہے، اور ہم ماضی میں ایشین اور ورلڈ چیمپئن شپ پاکستان میں کرا چکے ہیں۔
انھوں نے کہا بڑے اسپانسر نہ ہونے کی وجہ سے میزبانی کی بڈنگ میں پاکستان شامل نہیں ہو رہا، تاہم اگر کوئی اسپانسر مل جائے تو رواں سال بڑے ایونٹ کی میزبانی پاکستان کو مل سکتی ہے، چالیس سے پچاس ممالک کے اخراجات برداشت کرنا آسان نہیں ہوتا۔
عالمگیر شیخ کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں بھارتی سیاست کا عمل دخل رہتا ہے لیکن اسنوکر میں ایسا کچھ نہیں ہے، بھارتی اسنوکر کھلاڑی پہلے بھی پاکستان میں کھیل چکے ہیں۔
دنیا کا مقبول ترین کھیل فٹبال اب ’’فضا‘‘ میں بھی کھیلا جائے گا
انھوں نے کہا کہ پروفیشنل سرکٹ میں پاکستانی کیوئسٹ طویل دور نہیں گزار سکتے، پی بی ایس اے کے پاس اتنے فنڈز نہیں ہیں جو سپورٹ کر سکے، حکومت پہلے ہی پاکستان اسنوکر کو سپورٹ کرنے میں دل چسپی نہیں رکھتی۔ عالمگیر شیخ نے بتایا کہ کھلاڑی اپنی مدد آپ کے تحت اسپانسر تلاش کر کے پروفیشنل سرکٹ کھیل رہے ہیں۔