لاہور : احتساب عدالت نے شراب لائسنس اجراء کیس میں سابق ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 اکتوبر تک توسیع کر دی جبکہ اکرم اشرف گوندل نے درخواست ضمانت بھی دائر کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج امجد نذیرچوہدری نے شراب لائسنس اجراء کیس پر سماعت کی، ملزم اکرم اشرف گوندل کو جوڈیشل ریمانڈ کے بعد پیش کیا گیا۔
عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے ریفرنس متعلق رپورٹ طلب کر لی اور سابق ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 اکتوبر تک توسیع کر دی۔ نیب شراب لائسنس کیس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھی طلب کر چکا ہے۔
دوسری جانب ملزم اکرم اشرف گوندل کی جانب سے لاہور ہاٸی کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کردی گئی ، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے شراب لائسنس جاری کیا، نیب کی جانب سے کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کا الزام غلط ہے۔
درخواست میں کہا گیا تمام ریکارڈ نیب کو فراہم کر چکا ہوں ،جیل میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ عدالت درخواست ضمانت منظور کر کے رہائی کا حکم دے۔
گذشتہ سماعت میں نیب کی جانب سے ملزم اشرف گوندل کے مزید پندرہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی تاہم عدالت نے سابق ڈی جی ایکساٸز ملزم اشرف گوندل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا تھا۔
خیال رہے شراب لائسنس کیس میں نیب نے سابق ڈی جی ایکسائزاکرم اشرف گوندل کی بدعنوانی کاسراغ لگایا تھا، ذرائع کا کہنا تھا کہ اکرم اشرف گوندل نے18-2017میں پرائزبانڈزسے1کروڑ روپےجیتے، پرائزبانڈز کے انگریزی حروف مختلف اور سیریل نمبر ایک تھے، جو ممکن نہیں۔
نیب ذرائع نے بتایا تھا کہ ملزم کےماتحت ڈائریکٹرایکسائزنےمبینہ طورپر35 لاکھ بطوررشوت وصول کیے، سمری کےاجرامیں ہوٹل نے مبینہ طور پر 7کروڑ روپے بطوررشوت ادا کیے۔
واضح رہے نیب شراب لائسنس کیس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھی طلب کر چکا ہے۔