اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے عبدالعلیم خان کے مبینہ جعلی حلف نامے کا فیصلہ مؤخر کردیاہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کی جانب سے مبینہ جعلی حلف نامے جمع کرانےکے معاملے پر الیکشن کمیشن کی جانب سے کیا گیا محفوظ فیصلہ ممبران کی عدم موجودگی کے باعث آج نہیں سنایا جا سکا۔
الیکشن کمیشن نے مذکورہ فیصلہ نو مئی تک موخر کردیا ہے، عبدالعلیم خان کی جانب سے مبینہ جعلی حلف نامے جمع کروانے کے معاملے پر ایاز صادق کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے طلال چوہدری اور مریم اورنگزیب فیصلہ سننے الیکشن کمیشن آئے تھے۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگی رہنماطلال چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان جلسے تو کر رہے ہیں مگر عوام کے سوالوں کے جواب دینے سے کیوں گریزاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز لیگ دھرنوں اور جلسوں سے نہیں ڈرے گی، اس موقع پر لیگی رہنما طلال چوہدری نے جلال میں آتے ہوئے آف شور کمپنیز کےپیسوں کوچوری کامال کہہ ڈالا۔ بولےایک دوسرے کو چور کہنےوالےچوری کےخلاف ٹی اوآرزبنارہےہیں۔
انہوں نے پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی قربت پربھی کڑاسوال اٹھادیا، دوسری جانب خاتون لیگی رہنما مریم اورنگزیب نے بھی اپنے قائد کےدفاع پر پوزیشن سنبھال لی۔ ان کا کہناتھاکہ مخالفین کوآئندہ انتخابات میں بھی شکست نظرآرہی ہے۔