اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے کہا ہے کہ پرویز رشید شیطانی قوتوں کے سردار ہیں، انہوں نے کہا کہ پرویز رشید کے نو سو تو کب کے پورے ہوچکے، انہیں توبہ کیلئے حج پرجانا چاہئیے۔
عمران خان نے حج پر جانے کا ارادہ ظاہرکیا تھا لیکن سیاسی صورت حال کے باعث وہ نہیں جاسکے۔ انشاءاللہ عمران خان آئندہ سال حج پر ضرور جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پرویز رشید کے بیان پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں کیا۔
علیم خان نے کہا کہ میاں صاحب کے گھر کی جانب مارچ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، رائے ونڈ مارچ کا یہ مقصد نہیں ہے کہ ہم کسی کے گھر پر حملہ کردیں۔
علیم خان نے کہا کہ شیطانی قوتوں کا تعلق پرویز رشید سے ہے اور وہ ہی ان قوتوں کے پیرو کار ہیں۔ علیم خان کا کہنا تھا کہ ہم یقین دہانی کراتے ہیں کہ ہمارا جلسہ ہمیشہ کی طرح پرامن ہوگا۔ انہوں نے میاں صاحب کو بھی جلسے میں آنے کی دعوت دی۔
اس سے قبل پرویز رشید کا عمران خان کے بارے میں دیا گیا بیان
شاید عمران خان کا شیطان سے مک مکا ہو گیا اس لیے حج پہ نہیں گئے،پرویزرشید
علیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف نے جاتی امراء کے گھیراؤ کا اعلان نہیں کیا، اگر ہم رائیونڈ میں اجتماع والی جگہ پر بھی جلسہ کرتے ہیں تو وہ تقریباً 10 کلو میٹر کا علاقہ ہے، سارا رائیونڈ نوازشریف کا گھر نہیں ہے۔