لاہور: صوبائی وزیربرائے بلدیات عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ سابقہ حکومت بلدیات کے اداروں کی خیر خواہ نہیں تھی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں سینئروزیرعبدالعلیم خان سے چنیوٹ، بھوآنہ کے بلدیاتی چیئرمینوں نے ملاقات کی۔
چنیوٹ کے چیئرمین مہرخالد نے کونسلرزسمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ بھوآنہ کے چیئرمین مہرارشد اور وائس چیئرمین تنویرگجربھی کھلاڑی بن گئے۔
صوبائی وزیربرائے بلدیات نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت پربلدیاتی چیئرمینوں کا خیرمقدم کیا،14بلدیاتی چیئرمین، مختلف میونسپل کارپوریشنوں کے میئرپہلے ہی شامل ہوچکے۔
اس موقع پرعبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نظام کی مضبوطی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، نئے نظام میں منتخب اراکین کومالیاتی، انتظامی اختیارات دیں گے۔
صوبائی وزیربرائے بلدیات کا مزید کہنا تھا کہ سابقہ حکومت بلدیات کے اداروں کی خیرخواہ نہیں تھی، صوبے سے مزید بلدیاتی چیئرمین پی ٹی آئی میں شامل ہوں گے۔
عمران خان کے وژن کے تحت پنجاب حکومت آگے بڑھ رہی ہے، عبدالعلیم خان
یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبرمیں سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ 100 روزہ پلان پر پنجاب حکومت تیاری کے ساتھ میدان میں اتری ہے، عمران خان کے وژن کے تحت پنجاب حکومت آگے بڑھ رہی ہے۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ٹھوس بنیاد پر نتائج کی حامل پالیسیاں سامنے لائیں گے، 70 سال سے موجود خرابیوں کو مستقبل میں درست کریں گے، سرکاری نظام میں موجود رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔