کراچی: پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے لیے امپائر ز اور آفیشلز کا اعلان کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ میچز کی سیریز میں امپائر علیم ڈار اور احسن رضا پہلی بار ہوم گراؤنڈ پر امپائر نگ کے فرائض انجام دیں گے۔
میچ ریفری جاوید ملک بھی پہلی مرتبہ ٹیسٹ فارمیٹ میں میچ ریفری کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
دونوں ٹیموں کے مابین دونوں ٹیسٹ میچوں میں تھرڈ اور فورتھ امپائر کے فرائض آصف یعقوب اور راشد ریاض انجام دیں گے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل علیم ڈار اب تک 132 ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کرچکے ہیں، انہوں نے 2003 میں ڈھاکہ میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں پہلی مرتبہ کسی ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کی تھی۔
Aleem Dar and Ahsan Raza to umpire South Africa Tests
More: https://t.co/Aw9XqGN0cn pic.twitter.com/CVSupszSTL
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) January 16, 2021
انٹرنیشنل پینل میں شامل احسن رضا اب تک 37 ایک روزہ انٹرنیشنل اور 57 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اور آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف ریفریز کے رکن جاوید ملک اب تک 10 ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں اور چھ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں ریفری کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 جنوری سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 4 فروری کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں مدمقابل آئیں گی۔