لندن: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے جارحانہ بلے باز ایلکس ہیلز کی تین برس بعد ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے انجری کے باعث ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر ہونے والے جونی بیئرسٹو کے متبادل کا اعلان کردیا ہے، انگلش ٹیم نے ایلکس ہیلز کو دورہ پاکستان اور ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔
ایلکس ہیلز نے آخری مرتبہ 2019 مارچ میں انگلینڈ کی نمائندگی کی تھی، جس کے بعد اپریل میں منشیات ٹیسٹ میں دوسری بار فیل ہونے کی وجہ سے ٹیم منیجمنٹ نے انہیں اسکواڈ سے ڈراپ کردیا تھا، اور ان کے رویہ کی وجہ سے غیراعلامیہ پابندی عائد کر رکھی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: الیکس ہیلز کو پاکستان میں نئی ’دوست‘ مل گئی، ویڈیو وائرل
انگلینڈ کے سابق کپتان اوئن مورگن ہیلز کی واپسی کے سخت مخالف تھے، ان کا کہنا تھا کہ ہیلز ٹیم کی اقدار کو "مکمل نظر انداز” کرتے ہیں، اور ٹیم میں اعتماد کی کمی کا باعث بنتے ہیں۔
تاہم سابق کپتان اوئن مورگن کی ریٹائرمنٹ کے بعد ایلکس ہیلز کے حوالے سے انگلش ٹیم منیجمنٹ کے رویہ میں نرمی آئی ہے اسی وجہ سے انہیں اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔