الجزائر: شمالی افریقی ملک الجزائر میں تین بھائیوں نے بیویوں کو ایک ساتھ طلاق دے دی۔
تفصیلات کے مطابق مقامی میڈیا نے بتایا ہے کہ الجزائر میں تین بھائیوں نے مبینہ طور پر اپنی بوڑھی ماں کی دیکھ بھال میں ناکامی پر اپنی بیویوں کو ایک منٹ سے بھی کم وقت میں طلاق دے دی۔
گلف نیوز نے مقامی میڈیا رپورٹس کے حوالے سے بتایا کہ تینوں بھائی جب کام کام سے گھر واپس آئے تو انھوں نے دیکھا کہ ان کی بیویوں کی جگہ پڑوسی خاتون ان کی بیمار ماں کو نہلا رہی ہے، یہ دیکھ کر وہ سخت طیش میں آ گئے اور ایک ہی وقت میں تینوں نے انھیں طلاق دے دی۔
رپورٹ کے مطابق بوڑھی ماں کی ایک بیٹی ہفتے میں دو بار ان کی دیکھ بھال کے لیے آ جاتی تھی، لیکن حال ہی میں کینسر میں مبتلا ہونے والے شوہر کی دیکھ بھال کی وجہ سے نہیں آ سکی تھی۔
اس پر تینوں بھائیوں نے اپنی بیویوں سے کہا کہ وہ ان کی ماں کا خیال رکھیں، لیکن انھوں نے اس سے انکار کر دیا، معاملات مزید خراب تب ہوئے جب بھائیوں نے دیکھا کہ بوڑھی ماں کو بیویوں نے پڑوسیوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔