پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ اگر صوبے کو حق نہ دیا تو ایسا اقدام اٹھائیں گے کہ کل ہمیں کوئی غدار نہ کہے۔
علی امین گنڈاپور نے نیوز کانفرنس میں مطالبہ کیا کہ وفاق ہمارے صوبے کے واجب الادا فنڈز فوری فراہم کرے، صوبے میں بھی بجلی چوری ہوتی ہوگی لیکن عوام کو چور نہ کہیں ایسی گفتگو برداشت نہیں کروں گا، صوبے کی بجلی پوری دی جائے اس کے بعد چوری ہو تو بات کریں۔
وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ یہ کیا طریقہ ہے فنڈز اور بجلی پوری نہیں دیتے اور الزامات بھی لگاتے ہیں؟ اس وقت ہمیں توانائی کے مسائل کا سامنا ہے، سب سے سستی بجلی ہم بنا کر دے رہے ہیں لیکن ہمیں بجلی نہیں مل رہی، پی ٹی آئی کے دور میں بجلی 16 روپے کی تھی اور مل بھی رہی تھی لیکن اب بجلی 65 روپے کی ہے اور نہیں مل رہی پھر پیسہ کہاں جا رہا ہے؟
’دھمکی اور وارننگ میں فرق ہے میں وارننگ دیتا ہوں دھمکی نہیں۔ 120 ارب کا خسارہ ہے یہ لوگ اقتدار میں رہے لیکن سسٹم کیوں ٹھیک نہیں کیا؟ صوبے کے مسائل ہم حل کریں گے وفاق ہمارے صوبے کے 115 ارب واپس کرے۔ لوڈشیڈنگ میں کمی نہ کی گئی تو ایسا اقدام اٹھاؤں گا کہ پھر شکوہ نہ کریں۔‘
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بجلی اور گیس میسر نہیں لیکن قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کیا گیا، ایک تحریک قائد کی ہے اور ایک اپنے صوبے کے حقوق کے حصول کی ہے جس کیلیے عملی جدوجہد کریں گے۔
رشوت اور کرپشن کے بارے میں انہوں نے کہا کہ کرپشن پر میرا واضح اسلام کے مطابق پیغام ہے کہ رشوت دینے اور لینے والے دونوں جہنمی ہیں دونوں کو سزادی جائے گی، بددعاؤں سے ڈرتا ہوں لیکن رشوت خور کیلیے معافی نہیں ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ ایک ایکٹ میں تبدیلیاں لا رہے ہیں کہ صرف کام والے لوگ نوکری کریں گے جبکہ سفارش اور اثر و رسوخ پر کام کا دور ختم ہوگیا ہے، جو اچھا کام کرے گا اس کو مراعات بھی دیں گے۔
نیوز کانفرنس میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جو ہمارے ساتھ کیا گیا وہ خلاف قانون تھا، آئین شکنی کی گئی اور ہماری پارٹی کے ساتھ ظلم کیا گیا، ہم نے معاف کر دیا آپ بھی آگے بڑھیں اور ملک کو ترقی کی طرف لے جائیں۔