پشاور: وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ خیبر پختونخوا پختون یار خان نے علی امین گنڈاپور کی کے پی ہاؤس سے مبینہ طور پر ’غائب‘ ہونے کی ویڈیو سے متعلق اہم دعویٰ کر دیا۔
پختون یار خان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ پنجاب پولیس کی جاری ویڈیو میں علی امین گنڈاپور نہیں بلکہ میں ہوں، سی سی ٹی وی فوٹیج میں کے پی ہاؤس اسلام آباد سے وزیر اعلیٰ نہیں میں نکل کر جا رہا ہوں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ کے پی ہاؤس پر پنجاب پولیس آنے کے بعد میں نکل گیا تھا، پنجاب پولیس نے کے پی ہاؤس کے دروازے توڑے تو اسی وقت نکلا تھا۔
صوبائی وزیر نے ثبوت کے طور پر اپنی تازہ تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کل کے پی ہاؤس سے بھاگ گئے ان کی ویڈیوز اور تصویریں موجود ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کسی کی حراست میں نہیں، کئی مقامات پر چھاپا مارا گیا لیکن وہ نہیں ملے، جہاں کہیں بھی ملیں گے پولیس کارروائی کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار کے قتل میں جو جو ملوث ہے بچے گا نہیں۔