جمعرات, مئی 8, 2025
اشتہار

علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروانے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے ملاقات نہ کروانے پر عدالت سے رجوع کر لیا۔

علی امین گنڈاپور نے وکیل راجہ ظہور الحسن کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود صوبے کے وزیر اعلیٰ کو اپنے لیڈر عمران خان سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، عدالتی حکم عدولی پر فریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی مقدمات میں درخواست ضمانت سماعت کیلیے مقرر

علی امین گنڈاپور نے درخواست میں جیل سپرنٹنڈنٹ، سیکرٹری داخلہ پنجاب اور آئی جی جیل خانہ جات کو فریق بنایا۔

30 اپریل کو چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ موجودہ حالات میں عمران خان سے ملاقات نہ کروانا مناسب نہیں ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ عدالتی حکم کے باوجود بانی سے فیملی اور وکلا کی ملاقات نہیں کروائی جا رہی، ملاقات نہ کروانے پر ہم دوبارہ عدالت جائیں گے۔

اس بیان سے چند روز قبل چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ منگل کو عمران خان سے فیملی اور وکلا کی ملاقات ہونے کی امید ہے۔

بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر سے ملاقات ہوئی جس میں ہم نے اپنی تمام گزارشات ان کے سامنے رکھی ہیں، علیمہ خانم نے تفصیل سے فیملی ملاقاتوں سے متعلق بتایا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہم نے جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کو بتایا کہ کتنے عرصے سے ملاقات نہیں ہو رہی، عمران خان سے ملاقات کروانے کیلیے قائم مقام چیف جسٹس کو استدعا کی ہے، ان سے ملاقات کے بعد ایک امید پیدا ہوگئی ہے، توقع ہے منگل کو فیملی اور وکلا کی عمران خان سے ملاقات ہو جائے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں