اسلام آباد : وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ مودی کا فاشسٹ ایجنڈا کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پاکستان کی سفارت کاری کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امین گنڈاپور نے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشتگردی کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت سے دستبردار نہیں کروا سکتی۔
پاکستان اور کشمیر کا بچہ بچہ جذبہ حسینیؓ سے سرشار ہے، باطل قوتوں کے سامنے کسی صورت نہیں جھکیں گے، مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو سے کشمیریوں کا معاشی قتل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، مقبوضہ وادی میں ادویات اور خوراک کی شدید کمی ہو چکی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف ہیومین رائٹس کونسل میں مشترکہ اعلانیہ حوصلہ افزا ہے، کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوانے کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔
علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی متحرک سفارتکاری کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں، مسئلہ کشمیر سے متعلق سفارتی کامیابیاں اس کے پائدار حل میں اہم ثابت ہوں گی، متحرک سفارتکاری کی بدولت مسئلہ کشمیر سے متعلق عالمی ضمیر آہستہ آہستہ جاگنا شروع ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں ہوں یا دو طرفہ مذاکرات، بھارت نے ہمیشہ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا، بھارت کا ہندو انتہا پسند فاشسٹ ایجنڈا خطے کی سلامتی کے لیے انتہاء خطرناک ہے، مودی کا فاشسٹ ایجنڈا کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔