پشاور : وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے اپنی خدمات گنوادیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے کیا کچھ نہیں کیا لیکن اللہ کی طرف سے ہر چیز کا وقت مقرر ہے،کوشش انسان کرتا ہے اور صلہ اللہ دیتا ہے
ان کا کہنا تھا کہ کوشش کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، میرا ضمیر مطمئن ہے، ہر بندے کو خوش نہیں کرسکتا، کارکنوں کو جلد خوشخبری ملے گی۔
مزید پڑھیں : بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کیساتھ ناروا سلوک ، علی امین گنڈا پور کی دھمکی
وزیراعلیٰ کے نے پارٹی میں اپنے مخالفین پر چڑھائی کردی اور کہا دشمنی کا شوق ہے تو میرے خلاف اعلان جنگ کر دو۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بیان کوئی دیتا ہے، تشریح کوئی کرتا ہے، اختلافات پارٹی کے اندر حل کرنے چاہئیں۔
گذشتہ روز وزیراعلیٰ خیبر پختو ںخواہ نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کیساتھ ناروا سلوک کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وقت آنے پر حساب لیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی فسطائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے آرہے ہیں آگے بھی کرتے رہیں گے، بانی پی ٹی آئی نا حق قید ہیں، ان کی رہائی تک ہماری جدو جہد جاری رہے گی۔
علی امین نے کہا تھا حکومت بانی پی ٹی آئی کی دشمنی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تمام حدیں پار کر رہی ہے، اس طرح کےغیر انسانی اور غیر قانونی ہتھکنڈے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے