ہیوسٹن: وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ نریندر مودی کے ہندو فاشسٹ ایجنڈے کا ہرسطح پرمقابلہ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل ہیومینٹرین فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہیوسٹن میں سفاک مودی کے خلاف احتجاج کریں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مودی کے ہندو فاشسٹ ایجنڈے کا ہرسطح پرمقابلہ کیا جائے گا، امریکا سمیت دنیا بھرمیں مودی جہاں جائےگا اس کا پیچھا کریں گے۔
وفاقی وزیرعلی امین گنڈاپور نے کہا کہ غاصب بھارت کو کشمیر پر غیر قانونی قبضہ چھوڑنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب تاریخی ہوگا،عمران خان مسئلہ کشمیر پرمضبوط وکیل ثابت ہوں گے، انسانی حقوق کے حوالے سے بھارت کا بدنما چہرہ بے نقاب کریں گے۔
مقبوضہ کشمیرمیں 49ویں روز بھی کرفیو
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آج مسلسل 49ویں روز بھی کرفیو برقرار ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی میں کرفیو کے باعث 3 ہزار 9 سو کروڑ کا نقصان ہو چکا ہے، وادی میں کھانا میسر ہے اور نہ ہی دوائیں۔ سرینگر اسپتال انتظامیہ کے مطابق کرفیو کے باعث روزانہ 6 مریض لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔