ظالم نظروں سے، پرانی جینز اور گٹار جیسے سپر ہٹ گیتوں کے خالق اور نامور گلوکار علی حیدر نے اپنی ماضی کی خوشگوار اور تلخ یادوں سے پردہ اٹھا دیا۔
اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام شان سحور میں گلوکار علی حیدر نے اپنی والدہ کے ہمراہ شرکت کی اس موقع پر ان کی والدہ نے بھی علی حیدر کے بچپن کی شرارتوں اور دیگر دلچسپ واقعات کا ذکر کیا۔
پروگرام میں سوال جواب کے سیگمنٹ میں میزبان ندا یاسر سے گفتگو کرتے ہوئے علی حیدر نے بتایا کہ ان کو لڑکپن میں والد صاحب کے ہاتھوں سے کھائی جانے والی مار ہمیشہ یاد رہے گی۔
واقعے کے بارے میں بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک روز سنیما پر بابرہ شریف کی نئی فلم لگی تھی کیونکہ میں ان کا بہت بڑا فین ہوں اس لیے دوستوں کے ساتھ فلم دیکھنے چلا گیا۔
اس بات کا علم میرے والد صاحب کو نہیں تھا کہ میں کہاں پر ہو اور ہر طرف میری تلاش شروع کردی گئی، میرے گھر واپس آنے کے بعد جب انہیں علم ہوا تو مجھے کمرے میں بند کرکے بیلٹ سے اتنی بری طرح مارا کہ زندگی بھر نہیں بھول سکتا۔
علی حیدر کی اس بات کی تصدیق ان کی والدہ نے بھی کی انہوں نے بتایا کہ ان کے والد نے ہم سب کو کمرے سے نکال کر علی کی ٹھیک ٹھاک پٹائی کی تھی ہم میں سے کسی کی ہمت نہیں ہوئی کہ ان کو روکیں۔