اسلام آباد: واشنگٹن میں تعینات ہونے والے نومنتخب سفیر علی جہانگیر صدیقی آج رات امریکا روانہ ہوجائیں گے جس کے بعد وہ 28 مئی سے اپنے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفیرعلی جہانگیرصدیقی آج رات سفارتی پاسپورٹ پر پاکستان سے امریکاروانہ ہوں گے وہ ایک روز بعد اپنا منصب سنبھالیں گے۔ علی جہانگیر صدیقی 28 مئی سے باقاعدہ ذمہ دارایاں سرانجام دیں گے جس کے بعد امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری 29 مئی کو پاکستان واپس پہنچ جائیں گے۔
یاد رہے کہ علی جہانگیر صدیقی پر 55 ارب روپے خورد برد کا الزام ہے، ذرائع کے مطابق ان کی کمپنیاں اسٹاک مارکیٹ میں کرپشن میں ملوث پائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ان پر انسائڈر ٹریڈنگ کا بھی الزام ہے۔
مزید پڑھیں: نیب نے امریکا کے لیے نامزد سفیر علی جہانگیر صدیقی کو دوبارہ طلب کرلیا
یاد رہے 8 مارچ کو وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے امریکہ کے سفیر اعزاز چوہدری کی مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد اپنے معاون خصوصی علی جہانگیر صدیقی کو واشنگٹن میں سفیرتعینات کرنے کی منظوری دی تھی، اعزاز چوہدری 14ماہ تک امریکامیں پاکستانی سفیر رہے۔
یہ بھی پڑھیں: علی جہانگیر صدیقی کے سفیر بننے سے متعلق قانونی نقطہ بتائیں: عدالت
سفارتی حلقوں کی جانب سےعلی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی کو میرٹ کے خلاف قرار دیا گیا تھا کیونکہ وہ مطلوبہ تعلیم اور سفارتی معاملات کو دیکھنے کی اہلیت نہیں رکھتے۔ خیال رہے کہ علی جہانگیر صدیقی ملک کے معروف کاروباری گروپ جے ایس گروپ کے مالک جہانگیر صدیقی کے صاحبزادے ہیں۔