اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

ایرانی ویکسین کا انتظار کرنے والے سپریم لیڈر نے ویکسین لگوالی

اشتہار

حیرت انگیز

تہران: ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے ایرانی ویکسین کوو ایران برکات لگوا لی۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی ویکسین کا انتظار کرنے والے سپریم لیڈر نے ویکسین لگوالی، آیت اللہ خامنہ ای نے ویکسین لگوانے کے بعد بیان میں کہا مجھے ڈاکٹرز مہینوں سے ویکسین لگوانے کا کہہ رہے تھے، لیکن میں نے کہا تھا کہ میں ایران کی اپنی ویکسین تیار ہونے تک انتظار کروں گا۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ خامنہ ای نے آج جمعہ کو ویکسین کی پہلی ڈوز لگوائی ہے، سپریم لیڈر نے اس سلسلے میں دو شرائط رکھی تھیں، ایک یہ کہ وہ دوسروں سے پہلے ویکسین نہیں لگوائیں گے، اور دوم یہ کہ وہ صرف ایران کی تیار کردہ ویکسین لگوائیں گے۔

یہی وجہ ہے کہ انھوں نے اُس وقت کرونا ویکسین لگوانے سے انکار کر دیا تھا جب کہ ملک میں 70 سے 80 سالہ شہریوں کی غیر ملکی ویکسینز سے ویکسینیشن شروع ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم لیڈر کے نجی ڈاکٹر علی رضا مرندی نے اعلان کیا تھا کہ خامنہ ای ایرانی تیار کردہ ویکسین کی پہلی ڈوز لگوانے جا رہے ہیں۔

8 جنوری کو خامنہ ای نے ایک تقریر میں امریکی اور برطانوی کرونا ویکسین کی خریداری پر پابندی لگا دی تھی، ان کا کہنا تھا کہ انھیں ان دونوں ممالک کے مقاصد پر اعتماد نہیں ہے۔

ایران کے دیگر حکام مستقل طور پر یہ کہتے آ رہے تھے کہ امریکی پابندیاں ایران کو ویکسینز خریدنے سے روکے ہوئے ہیں، تاہم 24 دسمبر کو ایران کے مرکزی بینک کے گورنر نے تصدیق کی کہ فارن ایسٹس کنٹرول کا امریکی آفس عالمی ادارہ صحت کے ذریعے کو وِڈ 19 ویکسینز خریدنے کے لیے دوسرا لائسنس جاری کر چکا ہے، تاہم ایران نے اس خدشے کی وجہ سے یہ خریداری نہیں کی کہ امریکی عدالتیں رقم ضبط کر لیں گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں