کراچی : قائد حزبِ اختلاف سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا اس بار بھی بارانِ رحمت کو کراچی والوں کیلئے زحمت ثابت کرنے کی تیاری کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قائد حزبِ اختلاف سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے مون سون کی بارشوں کے حوالے سے بیان میں کہا ہے کہ سندھ حکومت نے اس بار بھی بارانِ رحمت کو کراچی والوں کیلئے زحمت ثابت کرنے کی تیاری کرلی ہے.
ایم کیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ بارشوں سے قبل نہ ہی شہر کی نالوں کی صفائی کروائی گئی ہے اور نہ ہی کوئی پلان ترتیب دیا گیا ہے، بارشوں کا آغاز ہوچکا ہے لیکن سندھ حکومت اور میئر کراچی ایئر کنڈیشن کمروں سے باہر آنے کی زحمت نہیں کرتے۔
قائد حزبِ اختلاف سندھ اسمبلی نے کہا کہ کراچی وہ بدنصیب شہر ہے جس کا انفرااسٹرکچر تباہ ہے، نہ پانی آنے کا انتظام رہا اور نہ جانے کا، شہر میں نکاسی آب اور صفائی کا کوئی انتظام نظر نہیں آرہا ہے قابض بلدیاتی نمائندے کہیں اور مصروف ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے وسائل پر قابض پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی شہر میں تشہیری مہمات چلانے میں مصروف ہیں، کے ایم سی اور ٹاؤن کے بجٹ اپنے اپنے لیڈروں کی بڑی تصاویر لگانے اور بینر بازی میں خرچ کئے جارہے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کو عوامی مسائل کے حل میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔