اسلام آباد : وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ خساروں کی ذمہ دار ماضی کی پی ٹی آئی حکومت ہے۔
یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام اعتراض ہے میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت مہنگائی کے طوفان سے نکلتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس کی شکل میں مہنگائی کا طوفان عوام پر گرتا ہے جس پر قابو پانے کے لئے ہمیں اپنے خساروں پر قابو پاتے ہوئے معیشت کو مکمل ذمہ داری سے چلانا ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ بجلی ترقی کے راستے میں بہت بڑی رکاوٹ بن کر کھڑی ہے، اگر بجلی کی قیمتوں کو کم کرنا ہے تو کہیں سے وسائل تو اکٹھا کرنا ہوں گے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کے ذریعے اضافی وسائل حاصل کیے گئے، پی ٹی آئی حکومت گری تو پٹرول کی قیمت330روپے لیٹر تک پہنچ گئی تھی، شہبازشریف حکومت پٹرول کی قیمت250 روپے لیٹر تک لے کر آگئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بنگلادیش، سری لنکا اور بھارت کی نسبت پاکستان میں پٹرول کی قیمتیں کم ہیں، خطے میں مہنگی ترین بجلی پاکستان کے اندر ہے، جو بھی اضافی وسائل اکٹھے کیے جائیں گے وہ عوام تک ضرور پہنچیں گے۔
وفاقی وزیرپٹرولیم نے کہا کہ حکومت اگلے چند ہفتوں میں بجلی کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی دے گی، بجلی کی قیمتیں کم کرنی ہیں تو عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ ہم نے چھوٹا سا قدم اٹھایا ہے وہ آپ کے سامنے آگیا ہے، شہباز حکومت 40 فیصد مہنگائی کو 2 فیصد پر لاچکی ہیں، آئی ٹی کی ایکسپورٹ 300سے 350ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے، آئی ٹی کی ایکسپورٹ پچھلے سال کے مقابلے 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔